مزید خبریں

میئرکراچی کاپلاسٹک کی تھیلیوںپرپابندی لگانے کاعندیہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پلاسٹک کی تھیلیوں کی وجہ سے کراچی میں سیوریج لائنوں اور برساتی نالوں کی چوکنگ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، ہر سال نالوں کی صفائی پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود پلاسٹک کی تھیلیوں کی وجہ سے نالے بند ہوجاتے ہیں اور خصوصاً برسات کے دوران یہ مسئلہ شدت اختیار کرجاتا ہے، ماحولیاتی آلودگی کے لیے بھی پلاسٹک کی تھیلیاں خطرہ ہیں،لہٰذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی کی حدود میں ہر قسم کی پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال اور فروخت پر پابندی عائد کرنے کے لیے صوبائی سطح پر قانون سازی کی جائے، اس سلسلے میں گزشتہ روز سیکرٹری انوائرمنٹ سندھ نبیلہ عمر اور ڈائریکٹر جنرل سندھ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (SEPA)نعیم مغل کے ساتھ ایک میٹنگ کی گئی جس کے دوران پلاسٹک کی تھیلیوں کی وجہ سے شہری انفرااسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان اور دیگر مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ اصولی فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرز پر کراچی میں بھی ہر قسم کے مائیکرون سے بنی پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر پابندی کے لیے ضروری قانون سازی کی جائے گی اور اس سلسلے میں جس سطح پر بھی ضروری ہو اقدامات عمل میں لائے جائیں گے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی اور دیگر شہری ادارے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے کراچی کو ماحولیاتی آلودگی اور دیگر مسائل سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائیں گے اور اس سلسلے میں مشترکہ حکمت عملی تیار کر کے اس پر بلاتاخیر عملدرآمد کیا جائے گا۔