مزید خبریں

وفاقی حکومت میں شمولیت کا فیصلہ پارٹی کرے گی‘خورشید شاہ

سکھر(نمائندہ جسارت) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماخورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے تاہم شمولیت یا عدم شمولیت سے متعلق فیصلہ پارٹی کرے گی، فی الوقت جواب نہیں دیا جاسکتا۔ غلام محمد خان کالج سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فیض آباد نظرثانی کیس میں دھرنا کمیشن رپورٹ پر عدالت عظمیٰ نے اگر کسی فریق کو کلین چٹ دی بھی ہے تو میں اس پر بات نہیں کر سکتا۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے، اگر پارلیمنٹ کوئی قانون بناتی ہے تو کوئی ادارہ پارلیمنٹ کے بنائے قانون کو ختم نہیں کر سکتا، اگرعدالت عظمیٰ کسی قانون کی معطلی کا آرڈر کرتی ہے تو از سر نو اس کو قانون بنانے کے لیے ایک دفعہ پھر پارلیمنٹ میں لے جانا پڑے گا ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ گندم اسکینڈل کے باعث کسان کا بہت بڑا نقصان اور بڑا ظلم ہوا ہے، میری سندھ اور پنجاب کی حکومتوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنا اثر رسوخ استعمال کر کے گندم سے متعلق کسانوں کے مسائل کو حل کریں، کسانوں سے گندم لی جائے اور ان کو اچھا ریٹ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑا ملک ہے،سرمایہ کاروں کے لیے اس میں سرمایہ کاری کرنے کے بڑے فوائد ہیں۔