مزید خبریں

ججزکا ڈیٹا لیک کرنیوالے سرکاری اہلکاروں کیخلاف مقدمہ اندراج کی درخواست دائر

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف قانون دان اور ہائیکورٹ کے ایڈووکیٹ نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف جاری مہم پر ایف آئی اے میں مقدمہ اندراج کے لیے درخواست دائر کردی جس میں سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ ہائی کورٹ رضا ودود کی جانب سے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور سائبر کرائم سیل کے ڈائریکٹر کو درخواست دی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایک ہفتے سے نظام عدل، اعلیٰ عدلیہ اور ججز کو بدنام کرنے کے لیے سوشل و قومی میڈیا پر منظم مہم چلائی جارہی ہے۔اعلی عدلیہ کے ججزکے متعلق ڈیٹا لیک کرنے اور انہیں بدنام کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ ججز کی ذاتی خاندانی معلومات قومی میڈیا کو فراہم کر کے باقاعدہ نشر کی جارہی ہیں، اور یہ معلومات صرف ایف آئی اے یا نادرا کے پاس ہوتی ہیں۔درخواست گزار نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ معلومات لیک کرنے میں مذکورہ اداروں کے اہلکار ملوث ہوسکتے ہیں جو کہ مجھ سمیت دیگر وکلا کے لیے باعث تکلیف و پریشانی کا سبب ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ ان معلومات کی بنیاد پر وی لاگر اور یو ٹیوبر ججوں کے خلاف مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں، جس میں عدالت عظمیٰ کے جج کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایسے عناصر چاہتے ہیں کہ عوام کا نظام عدل اور اعلی عدلیہ کے ججوں پر اعتماد ختم ہو جائے۔رضا ودود قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ بینچ اور بار نظام عدل کے لیے لازم وملزوم ہیں، یہ گھناؤنا مکروہ جرم میرے نزدیک نا قابل قبول ہے لہٰذا تمام ملوث عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور ججوں کا ڈیٹا لیک کرنے والے سرکاری افسران، اہلکاروں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سرکاری اہلکاروں کی معاونت کے بغیر ججز کا ڈیٹا یوٹیوبر اور وی لاگر تک پہنچنا ناممکن تھا، اس کو فراہم کر کے اعلیٰ عدلیہ کی ساکھ کو مکروہ طریقے سے متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ تمام ملزمان پر ایف آر درج کرکے تفتیش کی جائے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔