مزید خبریں

جماعت اسلامی میرپورخاص کا کسانوں کی حمایت میںمظاہرہ

میرپور خاص (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خان کی ہدایت پر چھوٹے کاشتکاروں کو باردانہ کی عدم فراہمی اور سرکاری سطح پر گندم کی عدم خریداری کے خلاف ملک گیر احتجاج کے موقع پر جماعت اسلامی میرپور خاص کے تحت پریس کلب پر منعقدہ بڑے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الہی مغل و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سطح پر گندم کی عدم خریداری چھوٹے کاشتکاروں اور کسانوں کا معاشی استحصال ہے۔ذخیرہ اندوز مافیا کو نوازنے کیلئے غریب آباد گاروں سے گندم کی عدم خریداری معاشی دہشت گردی ہے۔گندم کا بحران پیدا کرکے ملکی معیشت کو تباہی سے دوچار کیا جارہا ہے۔اے پی ڈی ایم ٹولے کے مسلط کردہ نگرانوں نے غیر ملکی گندم درآمد کرکے ملکی زراعت کو تباہی کے کنارے لا کھڑاکیا ہے۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی کے دیگر راہنماؤں مفتی تحسین احسن بھٹو اور عرفان قریشی نے بھی خطاب کیا۔مظاہرے میں چھوٹے کاشتکاروں سمیت عام شہری اور کارکنان شریک تھے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط اے پی ڈی ایم ٹولہ کرپشن کے ریکارڈ قائم کررہاہے۔برسوں سے جاری اقربا پروری ، کرپشن اور بیڈگورننس کی وجہ سے ملک تباہی و بربادی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ سابقہ اٹھارہ ماہ اور موجودہ چھ ماہ کی ناقص کارکردگی نے پاکستان کو معاشی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔زرعی اور زرخیز ملک ہونے کے باوجود ذاتی کمیشن کی خاطر باہر سے گندم منگوانا کرپٹ حکمرانوں کی بدترین نااہلی اور کرپشن کی عملی تصویر ہے۔جماعت اسلامی نے پاکستان بھر کے چھوٹے کاشتکاروں اور کسانوں کا معاشی استحصال کرنیوالوں کے خلاف ملک گیر تحریک کا آغاز کردیا ہے۔جماعت اسلامی کی کسان بچاؤ زراعت بچاؤ تحریک حکومت کے خاتمے پر منتج ہوگی۔