مزید خبریں

عوامی رابطے ‘ کارکنان و ذمے داران کی تربیت ناگزیر ہے‘عبدالواحدشیخ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی کراچی عبد الواحد شیخ نے کہا ہے کہ عوامی رابطے اور کارکنان و ذمے داران کی تربیت ناگزیر ہے، مسائل کا حل دیانتدار اور اہل ومخلص قیادت ہے جس کے لیے عوام میں بیداری پیدا کرنا ضروری ہے، حماس کی کامیابی کی بڑی وجہ عوام میں اثر و نفوذ ہے فلسطین کی پوری مزاحمت مضبوط عوامی رابطے کی وجہ سے ہے، جس کی وجہ سے بدترین مظالم اور سفاکیت کے باوجود اسرائیل حماس کی مزاحمت کو ختم نہیں کرسکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت دعوتی اور تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی اجتماع سے امیر ضلع مدثر حسین انصاری ,مولانا حیدر علی احمدانی نے بھی خطاب کیا۔ حافظ عبد الواحد شیخ نے مزید کہا کہ عوام کو مایوسیوں سے نکالنے کیلیے کارکنان کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنے ذات کی تربیت ہر خصوصی توجہ دینا ہوگی، کارکنان کی تربیت کسی بھی تحریک کا اثاثہ ہوتی ہے ،جماعت اسلامی کا تربیتی نظام ہی اس کی بنیاد ہے رب سے تعلق کو مضبوط اور اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل پیرا ہوکر ہی معاشرے میں تبدیلی کی جدوجہد کو تیز اور موثر بنایا جاسکتا ہے۔