مزید خبریں

پی آئی اے کے 100 فیصد شیئر ہولڈنگ اسکیم کی منظوری

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اینٹی ٹرسٹ واچ ڈاگ نے ہفتے کے روز پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (ہولڈکو) کے ذریعے پاکستان انٹرنیشنل ائر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے) کے 100 فیصد شیئر ہولڈنگ کے حصول کے انتظامات کی اسکیم کی منظوری کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ پی آئی کی خریداری کیلیے کسی غیر ملکی ائر لائن نے دلچسپی ظاہر نہیں کی ہے جبکہ 3 پاکستانی ائرلائنز نیلامی کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔ مسابقی کمیشن کا کہنا ہے کہ منظور شدہ اسکیم کے تحت ہولڈ کو پی آئی اے کی 100 فیصد شیئر ہولڈنگ حاصل کرے گا جبکہ نان کور اثاثے اور نان کور واجبات بھی ہولڈ کو کو منتقل کیے جائیں گے، ہولڈ کو کمپنی مکمل طور پر حکومت پاکستان کی ملکیت ہوگی، پی آئی اے کی بنیادی ایوی ایشن سرگرمیاں اور متعلقہ خدمات کمپنی کے پاس رہیں گی اور ہولڈکو کو منتقل نہیں کی جائیں گی، ان بنیادی سرگرمیوں کی نجکاری کی جائے گی۔ اپنے حکمنامے میں مسابقتی کمیشن پاکستان نے قرار دیا تھا کہ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے پی آئی اے کارپوریشن کے حصول کے مارکیٹ پر کوئی مادی اثرات نہیں ہوں گے، ہولڈنگ کمپنی کو رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ہولڈنگ کمپنی اندرون و بیرون ملک موجود پی آئی اے کے قرضہ جات، مخصوص کاروباری جائداد، حقوق اور ذمہ داریوں کی ذمہ دار ہوگی۔ مسابقتی کمیشن کا حکمنامہ نجکاری بورڈ کی جانب سے نیلامی کیلیے اظہار دلچسپی جمع کرانے کی تاریخ میں 15 دن کی توسیع دینے کے 2 دن بعد سامنے آیا ہے۔