مزید خبریں

وائٹ ہاؤس کے دروازے سے ایک اور کار ٹکرا گئی، الرٹ جاری

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر ’’وائٹ ہاؤس‘‘ کے داخلی دروازے سے ایک تیز رفتار گاڑی ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس کی سیکورٹی الرٹ کردی گئی۔ سیکورٹی ایجنسیز نے ہنگامی اجلاس طلب کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے کہ اتنی سخت سیکورٹی کے باوجود گاڑی دروازے تک کیسے پہنچی۔ گاڑی میں ڈرائیور کی لاش موجود تھی جس کی تاحال شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ وائٹ ہاؤس کے دروازے سے گاڑی ٹکرانے کا 4 ماہ میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔ وائٹ ہاؤس انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گاڑی ٹکرانے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے تاہم تفتیشی عمل ابھی جاری ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس 9 جنوری کو بھی وائٹ ہاؤس کے دروازے سے ایک گاڑی ٹکراگئی تھی جس کے ڈرائیور کو حراست میں بھی لیا گیا تھا لیکن اس کی تحقیقات سامنے نہیں آسکی تھیں۔