مزید خبریں

صنعتی ایسو سی ایشنز کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے گی، صوبائی وزیر

کراچی ( بزنس رپورٹر )صوبائی وزیر برائے ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی دوست محمد راہموں نے سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کو کراچی کے ساتوں صنعتی ایسو سی ایشنز کیلئے ہیلپ ڈیسک بنانے کی ہدایت کردی۔افسران کی جانب سے صنعتکاروں کو ہراسگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، اس سلسلے میں بزنس کمیونٹی کا بھرپور تعاون درکار ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں کراچی کے ساتوں انڈسٹریل ایسو سی ایشنز کے نمائندو ں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کاٹی کے صدر جوہر علی قندھاری، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی، قائمہ کمیٹی کے چیٔرمین سلیم الزماں، سیکریٹری ماحولیات سندھ نبیلہ عمر، سیپا کے ڈائریکٹر جنرل نعیم احمد مغل، ڈائریکٹر ٹیکنیکل وقار حسین پھلپوٹو، ریجنل ڈائریکٹر وارث علی گبول اور ساتوں ٹاؤن ایسوسی ایشنز کے نمائندے موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتکاروں کے تحفظات دور کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کی سہولت کیلئے سیپا میں ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے گی۔