مزید خبریں

اسحاق ڈار او آئی سی کے سربراہی اجلاس میں وفد کی قیادت کرینگے

اسلام آباد(صباح نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 4اور 5مئی کو گیمبیا کے شہر (بانجول)میں او آئی سی کے15ویں سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈارآج اور کل او آئی سی کونسل آف فارن منسٹرز کیے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے،جس میں سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق یہ اجلاس مسلم امہ کے لیے ایسے مشکل وقت میں ہورہا ہے جب غزہ کے عوام مسلسل حالت جنگ میں ہیں۔یہ اسلامی ممالک کے سربراہان کے لیے ایک اہم موقع ہوگا جہاں وہ غزہ کی صورتحال پر غور کریں اور ایک مضبوط،اجتماعی اور متفقہ موقف اپنائیں۔سربراہ اجلاس کے موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار غزہ میں حالیہ نسل کشی،بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بنیادی حق خودارادیت ،مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی،اسلامو فوبیا میں اضافے،دہشت گردی اور عالمی چیلنجوں پرپاکستان کا موقف پیش کریں گے۔اجلاس کے موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اجلاس میں شریک سربراہان اور وزرائے خارجہ سے ملاقات بھی کریں گے۔