مزید خبریں

پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے، پائیدار اقتصادی ترقی اولین ترجیح ہے، صدر، وزیر اعظم

اسلام آباد (آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی طور پر نازک دور سے گزر رہا ہے، اس صورتحال میں پائیدار اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، محنت کش ملکی ترقی کے لیے خون پسینہ بہاتے ہیں، مزدوروں کی فلاح وبہبود کے عزم پر قائم ہیں، عملی اقدامات کے لیے قومی لیبر کانفرنس منعقد کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ روزی کمانے والی باہمت خواتین کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں، مہنگائی نے مزدور طبقے کو زیادہ متاثر کیا، معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کم کریں گے، مزدور دوست پالیسیوں اور اقدامات کو یقینی بنائیں گے، ہنر مند اور باصلاحیت افرادی قوت وقت کی ضرورت ہے، محنت کش طبقے کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کریں گے۔ دوسری جانب صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ محنت کش طبقے کو مہنگائی اور بیروزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، محنت کشوں کے استحصال کے خاتمے کے لیے پالیسیوں کے عمل درآمد میں ریاست کا اہم کردار ہے، امید ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے لیے کردار ادا کریں گی۔ علاوہ ازیں وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ مزدور پر پیغام میں کہا کہ عالمی یومِ مزدور پر دنیا بھر کے محنت کشوں کو سلام پیش کرتی ہوں، محنت کش اللّٰہ کے دوست ہیں، اللّٰہ کے دوستوں کو سلام کرتی ہوں، دینِ اسلام نے کسب حلال کے لیے محنت کو عظمت کا درجہ اور محنت کش کی عزت کا شعور دیا، محنت کرکے خاندان کا سہارا بننے والی کارکن خواتین کو خصوصاً خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، محنت کشوں کے حقوق کے شعور کی بیداری پر شکاگو کے شہدا کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔