مزید خبریں

گورنر خیبرپختونخوا کی نواز اور مریم سے الگ الگ ملاقات

لاہور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے لیگی قائد و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے جاتی امرا رائیونڈ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنمائوں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ
خیال کیا گیا،اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے اپنے دورہ لاہور کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی۔گورنرغلام علی نے مریم نواز کو بطور پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں صوبوں کے مابین تعاون میں مزید اضافے اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں ملکی صنعت و انڈسٹری کو درپیش مشکلات پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر گورنر غلام علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی عوام کی خدمت کے لیے لگن قابل تحسین ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ان شااللہ پنجاب دیگر صوبوں کے لیے بڑے بھائی کا کردار ادا کرتا رہے گا، دیگر اکائیوں سے مل کر کام پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکالیں گے۔