مزید خبریں

میئر پشاور نے متاثرہ افراد میں امداد ی چیک تقسیم کردیے

پشاور(آئی این پی )میئر پشاور حاجی زبیر علی نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد میں امداد ی چیک تقسیم کردئیے ٗ انکا کہنا ہے کہ متاثرین سیلاب کو نہ پہلے تنہا چھوڑا اور نا آئندہ انہیں اکیلا ہونے دینگے ، گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے 61 متاثرہ خاندانوں کے لیئے لاکھوں روپے کی امدادی رقم بذریعہ چیک تقسیم کرنے پر انکا مشکور ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یوم مزدور کی مناسبت سے سٹی کونسل ہال میں متاثرین سیلاب کے لیئے منعقدہ تقسیم چیک کی تقریب اور بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم پی اے اعجاز خان ٗ شاہ عالم کے چیئرمین کلیم اللہ ٗ سٹی کونسل ممبران اور دیگر سمیت شہر کے نواحی علاقوں سے آنے والے 61 متاثرہ خاندانوں کے افراد نے شرکت کی ۔ متاثرین کے لیے گورنر حاجی غلام علی کی جانب سے بھیجے گئے امدادی چیک میئر پشاور حاجی زبیر علی نے متعلقہ افراد کے حوالے کیئے ۔ تقریب سے اپنے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران انکا کہنا تھا کہ یقینا خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع اور صوبائی دارلحکومت پشاور کے نواحی علاقے ماضی کی طرح امسال بھی تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوئے جس کی وجہ سے سینکڑوں اور ہزاروں گھرانوں کے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ کی طرف سے اور ذاتی حیثیت سمیت صوبے کی بزنس کمیونٹی اور دوست احباب کے تعاون کی وجہ سے ہم نے ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ان متاثرہ خاندانو ں کی داد رسی کی اور ان تک ہر قسم کی ضروری اشیاء سمیت اپنا بھرپور تعاون بہم پہنچایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک گھر تک ذاتی حیثیت میں پہنچا اور مسلسل تین دن تک انہیں راشن و بستر وں سمیت تمام ضروری اشیاء حوالے کی جاتی رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم مزدور کی منسابت سے متاثرین سیلاب غریب مزدوروں کے گھرانوں کو یہ امدادی چیک گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی جانب سے حوالے کررہا ہوں جس پر گورنر کا انتہائی مشکور ہوںجنہوںنے بروقت عملی تعاون کرتے ہوئے پشاور کے غرباء مساکین اور مزدور طبقہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز ریلیز کیئے ۔ میئر کا کہنا تھا کہ ہم نے انکی کیٹیگری کو منتخب کیا جنہیں آج یوم مزدور دن کے حوالے سے لائق ستائش ہیں، انکے احساس محرومی دور کرنے کیلئے ان میں آج امدادی چیک تقسیم کردئیے گئے۔ ان اکسٹھ خاندانوں میں دس ہزار روپے سے لے کر بیس ہزار روپے تک کے امدادی رقوم پر مشتمل چیک تقسیم کیئے گئے ہیں ۔ تقریب میں شریک ہونے والے اور چیک وصول کرنے والے خاندانوں نے میئر اور گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دعائیں دیں ۔ ان متاثرین کا کہنا تھا کہ ہمیں امید تھی کہ صوبائی حکومت ہماری داد رسی کرے گی لیکن مایوسی ہوئی کہ ایسا ممکن نہ ہو سکا تاہم سٹی میٹروپولیٹن گورنمنٹ اور بالخصوص میئر پشاور و گورنر نے جس طرح ہمارے دکھ کی اس گھڑی میں ہمارہ ساتھ دیا وہ ہم کبھی نہیں بھولیں گے ۔