مزید خبریں

قرض لینا کامیابی نہیں اس سے نجات پانا کامیابی ہوگی ،وزیر اعظم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے اجرا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا‘ 16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا‘ پاکستان کے معاشی تحفظ کے لیے تلخ اور مشکل فیصلے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت میں سامنے آرہے ہیں، قرض لینا کامیابی نہیں،کامیابی اس دن ہوگی جس دِن قرض سے نجات پائیں گے، درست سمت میں تسلسل سے محنت جاری رہی تو معاشی خوشحالی کا دور جلد آئے گا۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دورہ سعودی عرب کے اختتام پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری کی جہت مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہیں‘ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وزرا کو پاکستان کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں‘ آئندہ چند دنوں میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا وفد پاکستان آرہا ہے‘جس سے دونوں ممالک میں معاشی شراکت داری کی رفتار مزید تیز ہوگی‘ سعودی عرب میں 3 روزہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل تھا جس میں نہایت مفید بات چیت ہوئی‘ عالمی اقتصادی فورم میں عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں کثیرالجہتی شعبوں میں باہمی تعاون، تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔