مزید خبریں

ٹنڈو محمد خان : بے امنی، منشیات کی فروخت اور انتقامی کارروائیوں کیخلاف احتجاج

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) سندھ ترقی پسند پارٹی کا بے امنی، منشیات کی فروخت اور انتقامی کارروائیوں کے خلاف احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے بے امنی، منشیات کی سرعام فروخت اور پارٹی کارکنوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف ترقی پسند ہائوس سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر احمد نوناری، ضلعی صدر اقبال حاجانو، سارنگ شاہ، انیس صبح پوٹو، جمن سموں، طارق پٹھان و دیگر کر رہے تھے، ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور پھلیلی پل پر دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندوں کی جانب سے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، فرض شناس آفیسر محمد علی زئور کو ضلع بدر کردیا گیا، ترقی پسند پارٹی کے کارکنوں اور سپورٹروں کی جبری طور پر بدلیاں کی جارہی ہیں، ٹنڈو محمد خان میں بے امنی کا راج، منشیات کی سرعام فروخت جاری ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہوش کے ناخن لے، ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند اور منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔