مزید خبریں

شہدادپور : ریوینیو کمپلیکس میں کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل، پی آر سی برانچ کا افتتاح

 

شہدادپور (نمائندہ جسارت) ریوینیو کمپلیکس میں کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل، پی آر سی برانچ کا افتتاح کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر لیبر اور ہیومن سروسز شاہد عبدالسلام تھیم نے ڈی سی سانگھڑ عمران الحسن کے ہمراہ کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل برانچ کا افتتاح کیا، صوبائی وزیر شاہد عبدالسلام تھیم کی آمد پر ریوینیو عملے کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان استقبال کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر قمرالدین راہوپوٹو ، مختار کار برکت بردی سمیت ریوینیو عملے نے صوبائی وزیر کو سندھ کی ثقافت ٹوپی اور لونگی تحفے کے طور پر پیش کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شاہد عبدالسلام تھیم نے میڈیا کو بتایا کہ شہدادپور میں کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل برانچ کا افتتاح بہترین اقدام ہے، اس سے نہ صرف شہدادپور بلکہ ٹنڈوآدم، جام نواز علی سمیت گردونواح کے علاقوں کے نوجوانوں کو اپنے ضروری کاغذات بنوانے میں فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی سانگھڑ نے برانچ کھولنے میں اچھا تعاون کیا، صوبائی وزیر کے مطابق تعلقہ شہدادپور میں ڈومیسائل کی روزانہ کی بنیاد پر 50 سے زائد درخواستیں موصول ہوتی تھیں، لیکن اب ان نوجوانوں کو 50 کلو میٹر کا سفر طے کر کے سانگھڑ جانے کی ضرورت نہیں، شہدادپور اور گردونواح کے نوجوانوں کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہدادپور میں کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل برانچ کھول دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت ڈومیسائل بنوانے والے غریب اور نادار نوجوانوں کو رعایت بھی دے گی۔