مزید خبریں

سکھوں کے حقوق اور آزادی کیلیے آواز بلند کرتے رہیں گے ،کینیڈین وزیر اعظم

اوٹاوا (صباح نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹورنٹو میں یوم خالصہ (بیساکھی) کی تقریب میں شرکت کی جہاں لوگوں نے خالصتان کے حق میں نعرے لگائے۔ تقریب میں جسٹن ٹروڈو پنجابی بولتے رہے اور انہوں نے سکھوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کی آزادی کا تحفظ کریں گے۔کینیڈین وزیراعظم کے اس بیان اور خالصتان کے حق میں نعرے لگنے پر بھارتی ذرائع ابلاغ میں شور مچ گیا ہے۔ جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ملک بھر میں آباد8 لاکھ سے زاید سکھوں کے حقوق کے تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی‘ سکھوں کی اقدار کینیڈا کی اقدار ہیں‘ ملک بھر میں سکھوں کے گردواروں اور کمیونٹی سینٹرز کو زیادہ سے زیادہ سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ خالصہ ڈے کی تقریب میں کنزرویٹیو لیڈر پیئرے پوئلیویئر، نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر جگمیت سنگھ اور ٹورونٹو کی میئر اولیویا چو نے بھی شرکت کی۔ خالصہ ڈے بیساکھی کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ یہ سِکھوں کے نئے سال کا جشن ہے۔ انہوں نے تقریر کے آخر میں سِکھوں کو بیساکھی کی مبارک باد دی۔ اسٹیج پر کینیڈا کے وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے 4 وزرا اور لبرل پارٹی کے 4 ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ تقریب میں ہر طرف خالصتان کے مقتول رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے پوسٹرز اور تصاویر آویزاں تھیں جنہیں بھارت کی جانب سے کینیڈا میں گزشتہ برس 18 جون کو قتل کروا گیا تھا۔ کینیڈین وزیراعظم نے سر پر سکھوں کا روایتی زعفرانی رنگ کا رومال بھی باندھا ہوا تھا۔