مزید خبریں

باڈہ شہر روز بروز تباہی کی طرف جارہا ہے،مظاہرین

باڈہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ ضلعے کے قدیمی اور تاریخی شہر باڈہ کو تحصیل کا درجہ دلانے کے لیے باڈہ تعلقہ موومنٹ کی جانب سے موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر زیب علی ساریو اور کامریڈ قادر بروہی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں باڈہ شہر کے مختلف مکتبہ فکر سے وابستہ شخصیات علی انور عسکری، کامریڈ محمد علی خشک، کامریڈ اصغر نوناری، کامریڈ ریاض پنہور، محمد مٹھل ڈہر، صفدر جونیجو، کاشف جونیجو، مظہر نوشاد پھلپوٹو، محمد امین سیال، مور سندھی، فقیر جلال ساریو، وزیر سیال، کائونسلر صفیہ خاتون اور دیگر شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر باڈہ کو تحصیل کا درجہ دلانے کے نعرے درج تھے۔ اس موقعے پر رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے لاڑکانہ ضلعے کے دوسرے چھوٹے بڑے شہر تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہیں جبکہ باڈہ شہر روز بروز تباہی کی طرف جا رہا ہے جس کے اسباب پیپلز پارٹی رہنماؤں کا شہر کو نظرانداز کرنا اور تحصیل کا درجہ نہ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کے باڈہ شہر کو تحصیل کا درجہ نہ ملنے سے شہریوں کو وہ سہولیات ٹھیک سے نہیں مل رہی جو ملنی چاہیے تھی اور بنیادی سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے شہری عذاب والی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر پیپلزپارٹی قیادت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کے باڈہ شہر کو تحصیل کا درجہ دے کر فی الفور نوٹیفکیشن جاری کیا جائے نہیں تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھا دیا جائے گا اور یہ جدوجہد تب تک جاری رہے گی جب تک باڈہ کو تحصیل کا درجہ نہیں دیا جاتا۔