مزید خبریں

سعودی وزرا کی شہباز شریف سے ملاقات ،سرمایہ کاروں کو جلد بھیجنے کی یقین دہانی

ریاض(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی وزیر سرمایہ کاری، سعودی وزیر خزانہ اور سعودی وزیر صنعت کی ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم اور سعودی وزراء کی الگ الگ ملاقاتیں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئیں، سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد آل فالیح نے وزیراعظم کو پرائم منسٹر آف ایکشن قرار دے دیا۔سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ ہم سب آپ کی کارکردگی اور کام کرنے کی رفتار سے آگاہ ہیں، آپ پاکستان کے ترقی کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں، آپ کا مشن ہمارا مشن ہے، سعودی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔سعودی وزیر سرمایہ کاری نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان ہماری ترجیح ہے، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون جاری رہے گا، ماضی میں پاکستانیوں نے سعودی عرب کے مختلف شعبوں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم اور سعودی وزیر خزانہ کی ملاقات میں اتفاق ہوا کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرے گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان سعودی عرب میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے دوران غیررسمی اہم ملاقات ہوئی جہاں پاکستان کے ایک اور قرض پروگرام میں داخل ہونے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات کے دوران کرسٹالینا جارجیوا کا گزشتہ سال آئی ایم ایف سے 3 ارب امریکی ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) حاصل کرنے میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسر سے ملاقات کی اور پاکستان میں اسلامی ترقیاتی بینک کے جاری مختلف منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔دوسری جانب وزیراعظم نے عالمی اقتصادی فورم میں صحت کے شعبے میں تفریق کے خاتمے کے موضوع پر مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے،آج کا سب سے بڑا مسئلہ عالمی عدم مساوات ہے، کورونا وبا کے دوران دنیا بھر میں غیر مساوی رویہ دیکھا گیا ، موسمیاتی تبدیلی نے کرہ ارض کے نقشے کو مکمل طور پر تبدیل کردیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونیوالے ملکوں میں سرفہرست ہے ۔