مزید خبریں

آصفہ زرداری کی بلامقابلہ کامیابی کے خلاف درخواست مسترد

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے207 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ زرداری زرداری کے خلاف الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردیا۔تحریک انصاف کے امیدوار اور درخواست گزار غلام مصطفی رند نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے اور آصفہ زرداری کی این اے207 سے بلامقابلہ کامیابی کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔درخواست میں صوبائی و ریجنل الیکشن کمشنر بے نظیر آباد، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوابشاہ اور پیپلز پارٹی کی امیدوار آصفہ کو فریق بنایا گیا تھا۔درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ انہوں نے 21 اپریل 2024 کو بے نظیر آباد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے207 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے لیکن ان کی درخواست پر اعتراض لگا کر انہیں مسترد کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ان اعتراضات اور درخواست مسترد کیے جانے کے خلاف انہوں نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی لیکن عدالت سے واپسی پر انہیں سکرنڈ کی مقامی پولیس نے اغوا کر لیا گیا اور دو دن حبس بے جا میں رکھا۔ان کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت ریٹرننگ افسر نے کسی قسم کے اعتراضات نہیں اٹھائے لیکن بعد میں اعتراضات کی بنیاد پر درخواست کو کاغذات کو مسترد کردیا گیا جس کا معاملہ اب بھی زیر التوا ہے اور 29 مارچ 2024 کو ریٹرننگ افسر نے آصفہ کی بلامقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔انہوں نے استدعا کی تھی کہ وہ ریٹرننگ افسر کو کاغذات نامزدگی منظور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آصفہ بلامقابلہ کامیابی اور حلف برداری کو کالعدم قرار دے۔سندھ ہائی کورٹ نے این اے207 میں آصفہ زرداری کے خلاف الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار کی نااہلی درست بنیاد پر تھی۔عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ این اے207 میں پی ٹی آئی امیدوار نے جو ثبوت پیش کیے وہ حقائق پر مبنی نہیں تھے اس لیے درخواست مسترد کی جاتی ہے۔