مزید خبریں

وزیر اعلیٰ پختونخو بنی گالہ تھانے میں درج مقدمے سے بری

اسلام آباد (صباح نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا۔ہفتہ کو سول جج قدرت اللہ نے کیس کی سماعت کی، مدعی مقدمہ عامر زمان اپنے وکیل رضوان اعظم عباسی کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔مدعی نے عدالت کو بتایا کہ وقوع میں زخمی ہونے والا بندہ ملک سے باہر ہے، عدالت نے مدعی کو ہدایت دی کہ اس کی سکائپ آئی ڈی دیں ، عدالت نے اسکائپ کے ذریعے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شخص کا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کر دی۔ وکیل مدعی نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور 109 کی حد تک تھے، ان سے کمپرومائز ہوچکا ہے، نامزد ملزمان کو بھی معاف کردیا ہے۔عدالت کی جانب سے بیرون ملک ہونے کے باعث متاثرہ شخص محمد ولید کا آن لائن بیان لیا گیا، عدالت نے محمد ولید سے استفسار کیا کہ اس مقدمے میں آپ نے راضی نامہ کرلیا ہے، جس پر محمد ولید نے بیان دیا کہ جی میں نے فی سبیل اللہ معاف کردیا ہے۔بعد ازاں، عدالت نے علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں درج غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی۔ علی امین گنڈا پور اپنے وکیل راجا ظہور الحسن کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ شہادت مکمل ہے بس گاڑی پیش کر دیں، جس پر راجا ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم گاڑی پیش کر دیتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔