مزید خبریں

پولیو مہم کے دوران بہتر نتائج کیلیے افسران کردار ادا کریں، زاہد رند

سجاول (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند کی زیر صدارت دربار ہال میں 29 اپریل سے شروع ہونے والی 7 روزہ انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے سے متعلق اجلاس منعقدہ ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ڈاکٹر محمد حنیف میمن سمیت محمکہ، روینیو، صحت، پی پی ایچ آئی، این اسٹاپ، ڈبلیو ایچ او اور پولیس کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند کہا کہ پولیو خطرناک موذی مرض ہے جس سے بچوں کو تحفظ فراہم کرنا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران بہتر نتائج کے حصول کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے بچوں کو قطرے پلانے کے لیے پولیو ٹیموں کی مدد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر بالخصوص دور دراز علاقوں میں پولیو ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام بالخصوص والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں آنے والی پولیو ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں ہمیشہ کی معذروری سے بچایا جا سکے۔