مزید خبریں

میرپورخاص : نارا کینال میں 21 دن کی وارہ بندی کی جا رہی ہے

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ڈویژن کی ساڑھے 6 لاکھ ایکڑ زرعی زمینوں کو سیراب کرنے والے نارا کینال جس میں اس وقت 12600 کیوسک پانی چل رہا ہے، لیکن محکمہ آبپاشی کی جانب سے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم اور پانی چوری کی وجہ سے پانی کی قلت ہے جس کے باعث ڈویژن بھر میں کاشت ہونے والی کپاس، سبزیوں، گھاس، آموں اور دیگر فصلیں شدید متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ زرعی پانی کی قلت کے باعث باغات سوکھے ہیں جس کی وجہ کاشتکار سخت پریشان ہیں اور انہیں کروڑوں روپے نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس حوالے سے کاشتکاروں محمد عمر بھگیو، اسحاق نایجو اور دیگر کا کہنا ہے کہ نارا کینال میں اس وقت 12600 کیوسک پانی ہونے کے باوجود 14 سے 21 دن کی وارہ بندی کی جا رہی ہے، محکمہ آبپاشی کے افسران کی ملی بھگت سے بڑے اور بااثر زمینداروں کی سیکڑوں ڈائریکٹ لیفٹ مشینوں سے پانی چوری کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے شاخوں کے آخری حصوں میں 21 دن تک کی وارہ بندی کی جا رہی ہے، محکمہ آبپاشی کے قانون کے مطابق زمنیدار اپنی 33 فیصد زمین پر فصلیں کاشت کر سکتے ہیں، لیکن بااثر زمیندار محکمہ آبپاشی کے افسران اور ملازمین کی ملی بھگت سے پانی چوری کر کے اپنی 100 فیصد زمین پر فصلیں کاشت کر رہے ہیں، جبکہ ٹیل کے چھوٹے زمیندار انسانوں اور جانوروں کے پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں۔