مزید خبریں

سکھر: ڈی آئی جی کا پریس کلب کا دورہ ، مختلف شعبوں کا معائنہ کیا

سکھر (نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی سکھر رینج عبدالحمید کھوسہ نے صدر پریس کلب آصف ظہیر خان لودھی کی دعوت پر گزشتہ روز پریس کلب کا دورہ کیا، ان کی آمد پر پریس کلب کے صدر آصف ظہیر خان لودھی ، فنانس سیکرٹری لالا شہباز پٹھان، ایس یو جے کے صدر امداد بوذادر، جنرل سیکرٹری احقر شاہ ، پی ایف یو جے کے ممبر ایف ای سی جاوید جتوئی،سلیم سہتو سمیت دیگر عہدیداران و ممبران صحافیوں نے ان کا خیر مقدم کیا، ڈی آئی جی سکھر نے یونین آفس، فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن آفس، کانفرنس ہال سمیت پریس کلب کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی کو پریس کلب کے صدر آصف ظہیر خان لودھی نے پریس کلب کے روح رواں، پی ایف یو جے کے مرکزی سیکرٹری فنانس لالا اسد پٹھان کی جانب سے پریس کلب کی تزئین و آرائش، تعمیر و ترقی، ممبران صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات سمیت پریس کلب کی پیشہ وارانہ سرگرمیوں کی بابت تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر آصف ظہیر خان لودھی نے ڈی جی آئی سکھر کو سندھی اجرک پہنائی، ڈی آئی جی سکھر نے عہدیداران و ممبران جرنلسٹس سے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیالات کیا، شرکاء نے انہیں صحافیوں کو درپیش مسائل پیش کیے اور مختلف تجاویز پیش کیں۔