مزید خبریں

حافظ نعیم الرحمن مئی کے پہلے ہفتے میں فیصل آباد کا دورہ کرینگے

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے نومنتخب امیر حافظ نعیم الرحمن ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے ملک گیر دوروں کے سلسلے میںمئی کے پہلے ہفتہ میں فیصل آباد کا دورہ کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وہ مقامی تاجروں، صنعت کاروں، چیمبر آف کامرس، ڈسٹرکٹ بار، طلبا، نوجوانوں اور خواتین کے وفود سے ملاقاتوں کے علاوہ ضلعی تنظیم کی طرف سے دیے گئے عوامی استقبالیہ سے خطاب کریں گے۔ ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے ضلعی ذمہ داران کے اجلاس میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی سویلین بالادستی پر یقین رکھتے ہوئے وطن عزیز میں پرامن اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، ہمارا مقصد اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ جماعت اسلامی کے سیکڑوں کارکن اقتدار کے ایوانوں میں رہے لیکن کسی کے دامن پر بددیانتی، کرپشن اور اقرباء پروری کا داغ نہیں، جماعت اسلامی کی بے داغ قیادت ہی ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات دلاسکتی ہے، جماعت اسلامی نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہی اس ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قرآن و سنت کا نظام ہی آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے، جس سے پاکستان کے عوام خوشحال اور محفوظ ہوں گے۔