مزید خبریں

فیصل بینک نے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا

کراچی (کامرس رپورٹر)فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے سال 2024 کی پہلی سہ ماہی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں بینک کا بعداز ٹیکس منافع سال 2023 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں دوگنا ہوکر 6.5 ارب روپے پر جا پہنچا ہے۔ فی حصص آمدن 2.12 روپے سے بڑھ کر 4.29 روپے ہوگئی ہے۔ بینک نے 1 روپے فی حصص یعنی 10 فیصد عبوری نقد منافع کا بھی اعلان کیا۔ مجموعی اثاثے 1.5 ٹریلین روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ ڈپازٹس بڑھ کر 1.050 ٹریلین روپے اور لون بک 603 ارب روپے سے زائد ہوگئی۔ ایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشو (اے ڈی آر) 55 فیصد جبکہ کیپٹل ایڈیکوسی ریشو 18.57 فیصد رہا جو ریگولیٹری تقاضوں سے کہیں زیادہ ہے۔بینک کی مستحکم مالیاتی کارکردگی اور مضبوط بیلنس شیٹ اس کے مضبوط کاروباری بنیادی اصولوں کا اظہار ہے جو دانشمندانہ رسک منیجمنٹ طریقوں کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اسلامی بینکاری کے شعبے کے اہم رکن کی حیثیت سے بینک کی پوزیشن کو مزید مستحکم بناتا ہے۔فیصل بینک کے چیئرمین میاں محمد یونس نے بینک کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سال 2024 کی پہلی سہ ماہی کے نتائج ان مضبوط بنیادوں کی نشاندہی کرتے ہیں جو ہم نے ایک سرکردہ اسلامی بینک کے طور پر رکھی ہیں۔