مزید خبریں

ناٹو بیلاروس کو جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کررہا ہے‘ صدر لوکاشینکو

منسک (انٹرنیشنل ڈیسک) بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے کہا ہے کہ ناٹو نے ہمارے ملک کی مغربی سرحدوں پر فوجی طاقت میں اضافہ کر دیا ہے،جس کے ذریعے ہمیں جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔صدر لوکا شینکو نے کہا کہ آئینی تبدیلی کے بعد قومی اسمبلی ملک کا سب سے بڑا نمائندہ ادارہ بن گیا ہے۔ ناٹو اپنے اسٹریٹجک ہتھیاروں میں مستقل جدت لا رہا ہے اور اس نے ہمارے ملک کے مغربی سرحدی ہمسائیوں پولینڈ اور بالٹک ممالک میں اپنی فوجی طاقت میں اضافہ کر دیا ہے۔اس کے ردعمل میں ہم نے بھی اپنے اڈوں پر اسی نوعیت کا اسلحہ نصب کر دیا ہے۔لوکا شینکو نے کہا کہ ایک بات بالکل واضح ہے یورپ پولینڈ اور بالٹک ممالک میں فوجی طاقت میںاضافہ کرکے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف کمانڈر کی حیثیت سے میں خودبھی ان امور کو دیکھ رہا ہوں،جب کہ ہماری فوج اور اسپیشل سروسز بھی صورت حال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہیں۔ ناٹو کے فوجی ہمیں اشتعال دلانے کے لیے خندق کھود رہے ہیں اور جدید ہتھیار نصب کررہے ہیں۔ ہماری امن پسندی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم کسی کو جواب دینے کی قابلیت نہیں رکھتے۔ناٹو اور دیگر یورپی ممالک اس معاملے میں کسی بھی غلط فہمی میں نہ رہیں۔ہم خطرات کے مطابق اقدامات کرتے رہیں گے۔