مزید خبریں

دنیا کی نصف آبادی کو مچھروں سے وبائی امراض کا خطرہ

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ صدی کے آخر تک دنیا کی نصف سے زیادہ آبادی کو مچھروں سے منتقل ہونے والی بیماریوں جیسے ملیریا اور ڈینگی سے خطرات لاحق ہوں گے۔ماہرین کے مطابق مچھروں کے سبب پھیلنے والی وبائیں شمالی یورپ اور دنیا کے دیگر خطوں میں اگلی چند دہائیوں میں تیزی سے سرایت کرجائیں گی۔ برطانیہ میں یو کے ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی (یو کے ایچ ایس اے) کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار میں دیکھا گیا کہ گزشتہ برس 20 سال سے زیادہ کے عرصے کے مقابلے میں ملیریا کے زیادہ کیس سامنے آئے۔اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ 2023 ء میں برطانیہ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں 2004 ملیریا کیسوں کی تصدیق ہوئی ،جب کہ 2022 ء میں یہ تعداد 1369 تھی۔ یو کے ایچ ایس اے کے مطابق تعداد میں اضافہ کئی ممالک میں ملیریا کے دوبارہ سر اٹھانے اور بین الاقوامی سفر کے لیے وبا سے متعلق عالمی پابندیاں کالعدم ہونے کے نتیجے میں ہوا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر گزشتہ دو دہائیوں میں 8گنا اضافہ ہوا۔ 2000 ء میں جو تعداد 5لاکھ تھی وہ 2019 ء میں بڑھ کر 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی۔ ڈینگی مچھر 2000 ء سے 13 یورپی ممالک پر حملہ آور ہوچکے ہیں جبکہ 2023 ء میں فرانس، اٹلی اور اسپین بیماری کا پھیلاؤ دیکھا گیا۔محققین کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں سے پہلے تک ڈینگی بڑی حد تک گرم علاقوں تک محدود تھا کیوں دیگر علاقوں میں سرد موسم مچھروں کے انڈے بچوں کو مار دیتا ہے۔