مزید خبریں

پاکستان سے فرسودہ نظام کاخاتمہ چاہتے ہیں ‘منعم ظفر خان

کراچی (پ ر) جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے‘ ہم اس ملک سے فرسودہ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ غزہ کے مظلوم مسلمانوں نے اسرائیل کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ مسلم حکمرانوں نے فلسطین کے ساتھ بے وفائی کی۔ امت مسلمہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ بات جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر منعم ظفر خان نے جماعت اسلامی لانڈھی شرقی کے تحت ماڈل پارک بابر مارکیٹ میں فیملی عید ملن پارٹی سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان، ناظم علاقہ لانڈھی شرقی عبدالرحمان، نائب ناظم علاقہ طارق مسعود، معتصم انصاری‘ نعمان انصاری اور جنید انصاری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ منعم ظفر نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کے ظلم کی وجہ سے ہماری عید کی خوشیاں ماند پڑ گئی ہیں۔ غزہ کے مجاہدوں نے بے سروسامانی کی حالت میں اسرائیل اور امریکا جیسی طاقت کو شکست فاش دی ہے۔ امت مسلمہ اپنے دوستوں اور دشمنوں کو پہچانے۔ جماعت اسلامی پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کی بھرپور طریقے سے جدوجہد کرتی رہے گی۔ امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان نے کہا کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ہم کراچی کے عوام کے حقوق کے حصول کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں گے اور کراچی کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ناظم علاقہ عبدالرحمان نے اس موقع پر نئے ناظمین حلقہ جات کے ناموں کا اعلان کیا اور کہا کہ نچلی سطح پر ہم عوام سے رابطہ تیز کریں گے اور عوام کے بنیادی حقوق حاصل کیے جائیں گے۔