مزید خبریں

بھارت، عام انتخابات کا دوسرا مرحلہ، ٹرن آؤٹ 60.96 فیصد رہا

 

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں عام انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا، ٹرن آؤٹ 60.96 فیصد رہا، ووٹنگ 13 ریاستوں میں لوک سبھا کی 88 نشستوں پر ہوئی، الیکشن 7مراحل میں مکمل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کیرالہ کی20، کرناٹکا کی 14، راجستھان کی 13، اتر پردیش کی 8، مہاراشٹرا کی 8، مدھیہ پردیش کی 7، آسام کی 5، بہار کی 5، بنگال کی 3، چھتیس گڑھ کی 3، مقبوضہ جموں و کشمیر کی ایک، منی پور کی ایک اور تریپورہ کی ایک نشست پر انتخابات ہونے تھے تاہم مدھیہ پردیش ایک نشست پر انتخابات ملتوی ہوگئے۔انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹر ٹرن آؤٹ 60.96 رہا۔ دوسرے مرحلے میں راہول گاندھی اور ہیما مالنی سمیت کئی قدآور شخصیات کی نشستوں پر مقابلہ ہوا۔کیرالہ کے وائناڈ حلقے سے راہول گاندھی نے دوسری مرتبہ الیکشن لڑا، متھرا میں بالی وڈ اداکارہ ہیما مالنی نے بی جے پی کے ٹکٹ پرانتخاب لڑا۔ کانگریس رہنما راہول گاندھی نے لوگوں سے ووٹ ڈالنے کے لیے باہر نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ووٹ طے کرے گا اگلی حکومت چند ارب پتیوں کی ہوگی یا 140 کروڑ ہندوستانیوںکی۔ 19 اپریل سے شروع ہونیوالے انتخابات 7 مراحل میں یکم جون کو مکمل ہوں گے جبکہ نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔