مزید خبریں

ایک ماہ میں92 کروڑ 69 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کا انکشاف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں ایک ماہ کے دوران 92 کروڑ 69 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق بجلی کی اووربلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق ترجمان نے بتایاکہ ایک ماہ کے دوران 256 کنکشنز میں اووربلنگ کا انکشاف ہوا، ملوث عناصر کے خلاف 23 انکوائریاں اور 5 مقدمات درج کیے گئے۔ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گھروں، سرکاری دفاتر میں اوور بلنگ کی مد میں اربوں روپے بجلی بلوں میں وصول کیے گئے اور ایک ماہ کے دوران ملک بھر میں 92 کروڑ 69 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کی گئی۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اووربلنگ سے عوام اور دیگر سرکاری اداروں کو 34 ارب 29 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔اس حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے نے ہدایت کی کہ اووربلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔