مزید خبریں

میرپورخاص: بس ٹرمینل پر بھتے کیخلاف کوسٹر ایسوسی ایشن کا احتجاج

 

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) کوسٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے بس ٹرمینل پر بھتا خوری کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج اور پریس کانفرنس، جب تک بھتا خوری سے نجات نہیں دلائی جاتی، دیگر شہروں کو جانے والی مسافر کوسٹر کھڑی رہیں گی۔ کوسٹر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمود قائمخانی، خالد آرائیں اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 1990 ہماری کوسٹرز میرپورخاص سے نوکوٹ کے درمیان ایسوسی ایشن کے زیر انتظام چل رہی ہیں، ہماری اپنی ایسوسی ایشن ہے، ہماری گاڑیوں کے تمام کاغذات بمعہ روٹ پرمٹ مکمل ہیں، اس کے باوجود بس ٹرمینل پر قابض مافیا ہماری گاڑیوں کو بھتا دیے بغیر نہیں چلنے دے رہے اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ ہماری بات سننے اور داد رسی کرنے کو تیار۔ انہوں نے بتایا کہ میرپورخاص اور نوکوٹ کے درمیان تقریباً 100 گاڑیاں چلتی ہیں اور ہمارے پاس محکمہ ٹرانسپوٹ کا روٹ پرمٹ، گاڑیوں کے اوقات کار سمیت تمام کاغذات مکمل ہیں، اس کے باوجود بس ٹرمینل پر قبضہ مافیا جو ایک گاڑی سے 2 ہزار روپے بھتا طلب کر رہے ہیں، وہ ہماری گاڑیوں کو چلنے نہیں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے کوسٹروں کے ڈرائیور سمیت دیگر سیکڑوں افراد کے گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال ہے۔ پولیس، ضلعی انتظامیہ سمیت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی میں درخواستیں جمع کروا رکھی ہیں لیکن کوئی داد رسی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ، وزیراعلیٰ سندھ، وزیر ٹرانسپورٹ سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بھتا مافیا سے جان چھڑائی جائے، دیگر صورت میں احتجاج اور خود سوزی پر مجبور ہوں گے۔