مزید خبریں

کراچی، کوئٹہ، چمن ہائی وے این 25 کی دو رویا روڈ کی تعمیر کیلیے ٹینڈر طلب

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس عبداللہ بلوچ اور جسٹس روزی خان بڑیچ پر مشتمل ڈویژنل بینچ کے احکامات کی روشنی میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے کراچی، کوئٹہ، چمن ہائی وے این 25 کی دو رویا روڈ کی تعمیر کے لیے کراچی، اوتھل سیکشن، اوتھل، کرارو سیکشن، وڈھ، خضدار سیکشن کے لیے پری کوالیفکیشن پروپوزل بذریعہ ٹینڈر 26 مئی تک طلب کیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں کیس کی سماعت کے دوران پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ، اکنامکس ڈویژن، فنانس ڈویژن، اسلام آباد اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ حکومت پاکستان نے این 25 کراچی، کوئٹہ، چمن روڈ کے لیے 19 ارب روپے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو جاری کیے تھے لیکن نیشنل ہائی وے اتھارٹی یہ رقم استعمال کرنے میں بری طرح ناکام رہی جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا بلکہ مذکورہ فراہم کردہ رقم استعمال نہ کرنے کومحکمہ کی غفلت اور نااہلی سے تعبیر کرلی۔ عدالت نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام کو سختی سے احکامات جاری کیے تھے کہ مذکورہ رقم استعمال نہ کرنے کی وجوہات بتائی جائیں اور بلا تاخیر کراچی، کوئٹہ، چمن روڈ این 25 کی تعمیر کو ہنگامی بنیاد پر شروع کر کے مکمل کیا جائے۔ مذکورہ پری کوالیفکیشن کے ٹینڈرز جاری ہونا عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کی جانب پہلا قدم ہے۔