مزید خبریں

بدین: سندھ یونیورسٹی لاڑ کیمپس میں 4 روزہ سالانہ اسپورٹس گالا اختتام پذیر

بدین (نمائندہ جسارت) یونیورسٹی آف سندھ لاڑ کیمپس میں 4 روزہ سالانہ اسپورٹس گالا اختتام کو پہنچ گیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر عبدالفتاح ہلیو نے لاڑ کیمپس میں ہونے والے ہم نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل صبر و تحمل، برداشت، منصوبہ بندی، حکمت عملی، یقین، ہمت اور برداشت کو جنم دیتے ہیں، یہ فرد میں برداشت، ٹیم ورک اور فیصلہ سازی پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل ہمیں تحمل رواداری اور برداشت کے جذبہ سے روشناس کرواتے ہیں، طلبہ میں کھیلوں کا فروغ سماجی شعور کی بیداری کی جانب نہایت اہم قدم ہے، کھیلوں کے میدان سجنے سے قوموں میں معاشرتی ترقی کا عزم اور ملکی خدمت کا جذبہ بیدار ہوتا ہے، پاکستان کے نوجوان ذہین طلبا و طالبات ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی توانائیوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لانے کے لیے کھیلوں کے ذریعے ان کی شخصیتوں میں توازن رواداری اور برداشت کے احساسات پیدا کرنا لازمی امر ہے، 22 سے 25 اپریل تک ہونے والے سالانہ اسپورٹس گالا میں کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور ٹگ آف وار گیمز کا انعقاد کیا گیا۔ خواتین فیکلٹی ممبران کی نگرانی میں طالبات کے لیے بیڈمنٹن، کیرم بورڈ اور رسی جمپنگ کے مقابلے الگ سے کرائے گئے بیک وقت 300 سے زائد طلباء و طالبات نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔