مزید خبریں

ڈومراہ گوٹھ کے رہائشیوں کا زمین پر قبضے کیخلاف احتجاج

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈومراہ گوٹھ کے رہائشیوں نے گوٹھ کی زمین پر قبضے کے خلاف پریس کلب کے سامنے خواتین اور بچوں سمیت احتجاج کیا۔ اس موقع پر غلام عباس ڈومراہ، سید سرور شاہ، شکیل مغل، خدا ڈینو ڈومراہ اور دیگر نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ علاقہ کے بااثر افراد اوشاق راہو جو اور قاضی اعجاز اپنے مسلح ساتھیوں کی مدد سے ہمارے گوٹھ کی زمین پر قابض ہیں اور زمین خالی نہ کرنے پر دیہاتیوں کو جھوٹے کیسوں میں ملوث کرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ با اثرافراد کا تعلق بلڈر مافیا اور منشیات فروشوں سے ہے جو ہمارے گوٹھ کی زمین پر قبضہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ با اثر افراد نے پولیس کی مدد سے ہمارے گھروں پر چڑھائی کر کے خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد 2 خواتین کے خلاف جھوٹا کیس درج کر کے کئی لوگوں کو اغوا ء کر کے لے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان با اثر ہیں اور ہمیں خاموش رہنے کے لیے قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ہم عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ گوٹھ کی زمین ہماری ملکیت ہے اور اس زمین سے ہم کسی بھی صورت میں دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر پولیس کے ذریعے اغواء کیے گئے لوگوں کو آزاد کرا کر جھوٹے کیس ختم اوربا اثر افراد کو گرفتار کر کے تحفظ و انصاف فراہم کیا جائے۔