مزید خبریں

عمران خان کو قید میں رکھنا کسی کے بس کی بات نہیں،مئی فیصلہ کن ہوگا ،علی امین گنڈا پور

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قید میں رکھنا کسی کے بس کی بات نہیں، ان کی ہمت جواب دے چکی ہے، مئی فیصلہ کن ہوگا۔اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان تحریک انصاف کے 28ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اگر ہمیں حق نہ دیا گیا تو حکومت کو گرائیں گے اور پھر اس بار اسلام آباد پر قبضہ کرلیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ’غلط کرنے والوں کو بھی معلوم ہے کہ وہ ٹھیک نہیں کررہے، اب بھی وقت ہے کہ غلط کرنے والے اپنی اصلاح کریں اور ہمیں اشتعال دلانے سے گریز کریں، ہم جواب دینگے تو اس میں بھی ہمارا نقصان ہے اور نہ دیا تب بھی خمیازہ ہی بھگتنا ہوگا۔علی امین گنڈا پور کے بقول بانی پی ٹی ائی کو کوئی مائنس نہیں کر سکتا ہے لہٰذا ایسے خواب دیکھنا چھوڑ دیں، ہم نہیں چاہتے کہ کچھ لوگوں کی وجہ سے ہمارے اداروں کے خلاف نفرت پیدا ہو کیونکہ یہ ادارے ہمارے ہیں اور ان کے بارے میں نفرت پیدا ہو یہ برداشت نہیں کریںگے۔انہوں نے کہا کہ نو مئی کے اوپر اج بھی اچھے سے جواب دے سکتے ہیں مگر ملک کی خاطر چپ ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے مزیدکہا کہ عوام کو بخوبی علم ہے کہ ملک میں چور اور مسلط کیا ہوا کون ہے، ملک کا بچہ بچہ عمران خان کے لیے جان دینے کو تیار ہے۔