مزید خبریں

لاپتاافراد کا مسئلہ نفرتوں کو جنم دے رہا ہے‘ کاشف شیخ

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیرکاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ جس دن سیاستدانوں اورانصاف دینے والے اداروں نے سہولت کاری چھوڑدی پھر کسی آمرکوآئین کے ساتھ کھیلنے کی جرأت نہیں ہوگی۔بلوچستان سمیت پورے ملک سے لاپتا افراد کامسئلہ نفرتوں اورانتہاپسندی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے اگرکوئی فردکسی جرم میں ملوث ہے تو اسے آئین وقانون کے مطابق سزادی جائے۔جبری گمشدگی اورماورائے عدالت کارروائی کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے،نگراں وزیراعظم، سینیٹ،عدلیہ سمیت تینوں اہم عہدوں پرفائز شخصیات کابلوچستان سے تعلق کے باوجود بلوچ گمشدہ افراد کا مسئلہ حل نہ ہونا تشویش ناک ہے۔بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں عدل انصاف کے بغیر کوئی بھی ملک ومعاشرہ ترقی اورمتحد نہیں رہ سکتا۔ مشرقی پاکستان بنگلا دیش کیوں بنا اس پربھی غوروفکر کرنا چاہیے۔اس لیے طاقت کے استعمال کے بجائے انسانی ہمدردی کے ناطے مسنگ پرسن کے مسئلے کو حل کیا جائے۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ ہرادارہ اگراپنے اپنے دائرہ کارمیں رہ کر کام کرتا تو آج وطن عزیز کو مہنگائی بدامنی دہشت گردی ،سیاسی بے یقینی جیسی صورتحال کا سامنا نہ ہوتا۔یہی وجہ کہ ملک کے بجٹ کا سب سے بڑا حصہ امن وامان کے نام پرخرچ کرنے کے باوجود عوام امن کو ترس گئے ہیں پورے ملک میں دہشت گردی اورسندھ میں ڈاکوراج ہے۔نام نہاد نائن الیون کی آڑمیں غیروں کی جنگ کا ساتھ دینے میں وطن عزیز سیاسی و معاشی طور بے شمارمسائل کا شکار ہے عوامی وحقیقی قیادت کاراستہ روک کرجعلی قیادت کو قوم پرمسلط کرکے ملک کوقوم کو مزید بحرانوں سے دوچار کردیا گیا ہے۔آئین وقانون پرعملداری اورعدل وانصاف کے قیام سے ہی ملک کو اپنی حقیقی منزل اسلامی جمہوری اورفلاحی ریاست کی طرف گامزن کیاجاسکتا ہے۔