مزید خبریں

مسلم ممالک کومتحد ہوکر اپنا مستقبل محفوظ کرنا چاہیے، حمیرا طارق

لاہور(نمائندہ جسارت)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ تیزی سے بدلتے ہوئے دنیا کے منظر نامے میں مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر اپنا مستقبل محفوظ کرنا چاہیے۔ پاکستان میں خواتین میں شعور کی بیداری ،دین کی صحیح رہنمائی ،تربیت اور عملی طور پر قرآن سے جوڑنے کے لیے حلقہ خواتین جماعت اسلامی سب سے بڑی اور منظم اجتماعیت ہے۔یہ بات انہوں نے لاہور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی اہلیہ و دختر کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ میں کہی۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں جس طرح ڈٹ کر کھڑے ہیں وہ ان کے ایمان و یقین کی علامت اور قابل تحسین ہے، انہوں نے دعا کی اللہ تعالیٰ مظلوم مسلمانوں کو فتح عطا فرمائے۔اس موقع پر ڈاکٹر حمیرا طارق کے ہمراہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید اور ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی بھی موجود تھیں۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات میں ہم آہنگی اور مسلم امہ کے حالات بالخصوص خواتین کی فلاح اور اسلام کے عطا کردہ حقوق کو عورت اور خاندان کے تحفظ کا ضامن قرار دیا گیا ۔