مزید خبریں

پاک ایران تجارتی حجم 10ارب ڈالر تک لے جانے کا خیر مقدم

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان بزنس گروپ کے بانی و چیئرمین فرازالرحمان نے پاک ایران تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کا نیا دور شروع ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں فرازالرحمان نے کہا کہ اس وقت ایران کی پاکستان کو برآمدات کا حجم 1.448 بلین ڈالر ہے جب کہ پاکستان کی ایران کو برآمدات 842 ملین ڈالر ہیں۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جوائنٹ اکنامک فری زون پر توثیق سمیت 8شعبہ جات میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کو پاکستانی معیشت کیلئے خوش آئند قرار دیتے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے درست کہا ہے کہ ایران کے عوام نے پابندیوں کو مواقع میں تبدیل کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے کیلئے ایک بڑے تجارتی وفد کے ہمراہ صدر رئیسی کا دورہ کاروباری برادری کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے کے واضح ارادے کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران توانائی خاص طور پر گیس اور پیٹرولیم مصنوعات میں پاکستان کی مدد کر سکتا ہے جبکہ پاک ایران گیس پائپ لائن کے مسئلہ کا بھی حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے کم قیمت پر گیس کی خریداری سے صنعتوں کے دشواری میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے مقامی کرنسی یا بارٹر ٹریڈ کی راہ ہموار کی جائے تاکہ پاکستان کا ایکسپورٹ بل کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر پر بھی دباؤ کو کم کیا جاسکے۔