مزید خبریں

الیکشن مداخلت کیس: ٹرمپ کے 11 ساتھیوں پر فرد جرم عائد

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست ایریزونا کی جیوری نے 2020 ء کے صدارتی الیکشن میں مداخلت کے کیس میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 11 ساتھیوں پر فرد جرم عائد کردی۔ سابق امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھیوں پر 2020 ء کے صدارتی الیکشن میں ریاست ایریزونا کے الیکٹرورل ووٹ جو بائیڈن کے بجائے ٹرمپ کو دینے کا الزام ہے ، جب کہ اس الیکشن میں جو بائیڈن 10 ہزار ووٹ سے فاتح تھے۔ سابق صدر ٹرمپ کے ساتھی روڈی جولیانی اور مارک میڈووس سمیت 11 ساتھیوں پر فرد جرم ریاست ایریزونا کے اٹارنی جنرل کی جانب سے ایک سال سے جاری تحقیقات کے نتیجے میں لگائی گئی ہے۔اس سے پہلے امریکی ریاست مشی گن، نوائیڈا اور جارجیا میں بھی صدر ٹرمپ کے ساتھیوں کو فرد جرم کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان پر صد ر جوبائیڈن کے ووٹ ٹرمپ کو دینے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایریزونا کی جیوری کی جانب سے اپنے ساتھیوں پر فرد جرم عائد کیے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے فیصلے کو جوبائیڈن انتظامیہ کی سازش قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات رواں برس ہوں گے اور اس سے قبل دونوں سیاسی حریف ایک دوسرے کے خلاف ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔