مزید خبریں

غزہ پر شدید گولہ باری،امریکی یونیورسٹی میں اسرائیل کیخلاف ہزاروں طلبہ کا مظاہرہ ،درجنوں گرفتار

غزہ (اے پی پی/مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فوج نے بدھ کو شمالی غزہ پر شدید گولا باری شروع کر دی ہے اور غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائی کے لیے مزید 2 ریزرو بریگیڈ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کو شمالی غزہ میں ایک بار پھر شدید گولا باری شروع کر دی ہے اس کے نتیجے میں رفح سے واپسی کے چند ہفتوں بعد ہی شمالی غزہ میں فلسطینی اپناگھرچھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں،واضح رہے کہ اسرائیل نے کچھ عرصہ نسبتاً پرسکون رہنے کے بعد اس ہفتے علاقے میں حملے ایک بار پھر شروع کر دیے ہیں۔اس سے قبل اسرائیل نے غزہ کے شمال سے اپنے بہت سے فوجیوں کو واپس بلا لیا تھا۔ادھر امریکا کی یونیورسٹیوں میں اسرائیل کے خلاف مظاہروں میں شدت آگئی، نیویارک کے شہر بروکلین میں ہزاروں طلبہ سڑکوں پر نکل آئے ، جن میں خود یہودی طلبہ بھی شامل تھے۔مظاہرین نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ امریکی پولیس نے یونیورسٹیز میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر مظاہرین کی گرفتاریاں کیں، ان کے داخلے بھی معطل کروادیے گئے، تاہم اس کارروائی کے نتیجے میں احتجاج مزید شدت اختیارکرگیا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ امریکا میں بڑھتے ہوئے مظاہرے غزہ جنگ میں اسرائیل سے متعلق امریکی پالیسی پر شہریوں کے گہرے عدم اطمینان اور بے چینی کو ظاہر کرتے ہیں۔صدر جو بائیڈن کو فلسطینیوں کے حامی مظاہرین کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جو خود کو ایک خود ساختہ ‘‘صہیونی’’ قرار دیتے ہیں۔یونیورسٹیوں میں احتجاج اب مظاہروں سے آگے بڑھ کر دھرنا کیمپوں میں تبدیل ہوگیا ہے جس میں مختلف پس منظر کے طلبہ اور اساتذہ شریک ہیں۔ جن میں مسلم ہی نہیں بلکہ یہودی بھی شریک ہورہے ہیں۔ ان دھرنوں میں درس و تدریس، اپنے اپنے مذہبی عقائد کے مطابق عبادات اور موسیقی کی پرفارمنس بھی ہوتی ہے۔علاوہ ازیں قطر نے حماس قیادت کے دوحا میں قیام کے بارے میں دوٹوک پیغام میں واضح کر دیا ہے کہ وہ اس وقت تک قطر میں مقیم رہ سکے گی جب تک غزہ میں جنگ بندی کے سلسلے میں اس کی موجودگی مفید رہے گی تا کہ غزہ جنگ کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس امر کا اظہار حالیہ چند دنوں سے سامنے آنے والی خبروں کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کی ہے۔ ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہم نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ انکی قطر میں موجودگی جب تک ثالثی کی کوششوں کے لیے مفید اور مثبت رہے گی حماس کے قائدین یہیں مقیم رہیں گے۔غزہ سے آمدہ ا طلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے شمالی غزہ کی پٹی میں بیت لاہیا کے علاقے کو “خطرناک جنگی زون” قرار دیتے ہوئے نئے انخلا کا حکم دیا ہے ۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہاں کے رہائشیوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں اپنے حملوں کو تیز کر دیا ہے۔ گزشتہ روز چند ہفتوں میں سب سے زیادہ بمباری کی کارروائیوں میں پٹی کے شمال میں بمباری کی، جہاں سے اسرائیلی فوج نے پہلے اپنی افواج کو ہٹا لیا تھا۔