مزید خبریں

میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس

کراچی ( اسٹاف ر پورٹر)وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی اور وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت صوبے میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں آئندہ ماہ سے سندھ میں شروع ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ بورڈ امتحانات کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نور احمد سموں، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، سیکرٹری کالج ایجوکیشن صدف انیس شیخ، بورڈز کے چیئرمین، سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بورڈ سربراہان کی طرف سے آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس معاملے میں سنجیدہ ہے کہ امتحانی نظام میں بہر صورت بہتری آئے،امتحانات کے دوران سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ سے مدد لی جائے گی،امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کے نفاذ کے سلسلے میں سفارش کی جائے گی۔وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی کا کہنا تھا کہ امتحانات کی نگرانی کے لیے ویجیلنس ٹیمز بہر صورت اپنا مؤثر کردار ادا کریں، وقت سے پہلے پیپر آؤٹ ہونے کی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ بورڈ کے چیئرمین کے خلاف کارروائی ہوگی۔