مزید خبریں

مودی حکومت بھارتی مسلمانوں کی نسل کْشی پر تلی ہے‘شجاع الدین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مودی حکومت بھارتی مسلمانوں کی نسل کْشی پر تلی ہوئی ہے۔تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا انتخابی مہم کے دوران بھارتی مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی بیانات دینا انتہائی تشویشناک ہے۔حقیقت یہ ہے کہ بیس کروڑ سے زائد بھارتی مسلمانوں کو گھس بیٹھیے قرار دینا پاگل پن کے مترادف ہے۔یہ بات اب روزِ روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ بھارت، اسرائیل کے نقش قدم پر چل کر کشمیری اور بھارتی مسلمانوں کی نسل کْشی کے مکروہ منصوبہ پر عمل کرنے کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اور انتہا پسند ہندو قیادت کے مذموم مقاصد اورریاستی دہشت گردی کے منصوبوں پرمسلمان ممالک کی قیادت اور عوام کو فوری اور سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کا سدباب کرنا ہوگا۔ حکومتِ پاکستان کی قومی و ملی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام دستیاب ذرائع کا بھر پور استعمال کرے۔ ہمسایہ ممالک اور علاقائی اتحادیوں کے ساتھ ملکر سفارتی محاذ پر زور دار طریقے سے آواز بلند کی جائے۔