مزید خبریں

ٹریفک حادثے میں2 افراد جاں بحق،پولیس کارروائیوں میں 6 ملزمان گرفتار

حیدرآباد/جام شورو(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت ) تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار ماں بیٹی جاںبحق ، شوہر زخمی ہوگیا، پولیس کارروائیوںمیں 6مان کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جامشورو حیدرآباد روڈ پر پتھروں سے بھرے تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر ما ر دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوارماں اور بیٹی جاںبحق جبکہ والد زخمی ہوگیا، جاںبحق افراد کی شناخت حبا قائمخانی(ماں) اورعائشہ قائمخانی (بیٹی )اور زخمی عدنان قائمخانی کے نام سے ہوئی۔جاںبحق و زخمی افراد ہالہ ناکہ کے رہائشی ہیں جو کہ لمس اسپتال جامشورو علاج کی غرض سے آئے تھے جنہیں واپس جاتے ہوئے تیز رفتار ٹرک نے کچل دیا، حادثے کے بعد ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، جسے شہریوں نے ناکام بناتے ہوئے پکڑ کرپولیس کے حوالے کردیا،جبکہ جا مشورو پو لیس نے ٹرک کو اپنی تحویل میں لے لیا۔علاوہ ازیں پنیاری پولیس نے ساگر کالونی بسم اللہ ہال کے قریب کارروائی کرتے ہوئے متعدد موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث ملزم ذیشان ولد عبدالرحمان کو گرفتار کرلیا ،ملزم کی عمر 12 سال بتائی جاتی ہے جس کے باعث اسے بچہ جیل منتقل کردیا گیا ،ملزم ٹنڈوالٰہیار کا رہائشی ہے جبکہ پولیس اس کی سرپرستی کرنے والے اصل ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کررہی ہے ۔دوسری جانب راہوکی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائر سجاد آرائیں کو گرفتار کرکے 10لیٹر کچی شراب برآمد کرلی، ادھربی سیکشن پولیس نے یونٹ نمبر 5سے مین پوری سپلائر راحیل کو گرفتار کرکے 300مین پوری برآمد کرلی۔قبل ازیںاے سیکشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جعلسازی کے مقدمے میں روپوش ملزم فرخ عرف فرحان آرائیں کو گرفتار کرلیا ،بی سیکشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے مقدمے میں روپوش ملزم عالم عرف ڈاڈا قمبرانی کو گرفتار کرلیا ۔