مزید خبریں

سندھ میں زرعی پیداوار پنجاب سے بہتر ہے، غلام قادر چانڈیو

نواب شاہ (پ ر) محکمہ زرعی توسیع زراعت شہید بینظیرآباد کی جانب سے کپاس کی بہتر پیداوار حکمت عملی سے متعلق چاندی جیسی کپاس کے عنوان سے آگاہی سیمینار ایچ ایم خواجہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ سیمینار میں رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو نے مہمان خصوصی اور ڈائریکٹر جنرل زرعی توسیع سندھ منیر احمد جمانی نے اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو نے کہا کہ کاشتکاروں اور زرعی ماہرین کے درمیان خیالات کے تبادلے کا فقدان ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے ماہرین اور کارکنان آبادگاروں سے رابطے میں رہیں۔ سندھ میں زرعی پیداوار پنجاب سے بہتر ہے، موسمیاتی تبدیلی زراعت پر اپنے اثرات چھوڑ رہی ہے جس سے اس سال گندم کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ آبادگاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرے، گندم کے بوریوں کے حوالے سے مسائل ہیں، ان کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل زرعی توسیع سندھ منیر احمد جمانی نے کہا کہ محکمہ زرعی توسیع سندھ کی جانب سے سندھ کے آبادگاروں کی خوشحالی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔