مزید خبریں

عوامی فیصلوں کا احترام کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، محبوب الزماں

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات کے بعد 21 اپریل کے ضمنی انتخابات نے سیاسی عدم استحکام میں مزید اضافہ کر دیا، جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں، عوامی فیصلوں کا احترام کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، نظامِ انتخاب ناکارہ اور انتخابی عمل بے اعتماد مشق بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نظام اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی کے ساتھ مصنوعی جعلی مینڈیٹ، مصنوعی سطحی استحکام کے سہارے کھڑا ہے، اس لیے بحران ختم ہونے کے بجائے بڑھتے جا رہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیوں کے سہارے منتخب ہونے والوں کی عوام میں قدروقیمت نہیں، اقتصادی بحرانوں سے نجات کے لیے اندرونی سیاسی استحکام ناگزیر ہے، ملک میں شفاف، غیر جانبدارانہ اور آزادانہ انتخابات کے لیے اس امر کو یقینی بنانا ہوگا کہ انتخابی عمل میں سول اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت نہ ہو، سیاسی جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کی آؒلہ کار نہ بنیں اور انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے کا جمہوری جذبہ اور حوصلہ پروان چڑھے۔ انہوں نے کہا کہ متنازع اور دھاندلی زدہ انتخابات جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں، ماضی کی طرح حالیہ انتخابات کے بعد بھی مسلم لیگ، پی پی، پی ٹی آئی کے پاس سیاسی، معاشی، آئینی، انتظامی بحرانوں کے خاتمے کے لیے ایجنڈا اور لائحہ عمل نہیں ہے۔