مزید خبریں

امارات کے نوجوان بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے تاریخ رقم کردی

دبئی (اسپورٹس ڈیسک):دبئی میں سیلاب کی وجہ سے آخری لمحات میں اپنی فلائٹ پکڑنے میں کامیاب ہونے والے متحدہ عرب امارات کے نوجوان بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے بین الاقوامی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ یو اے ای کے ایمرجنگ کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں 5 تمغے حاصل کئے جن میں2طلائی تمغے بھی شامل ہیں۔ آخری لمحات میں دبئی سے سائپرس کی فلائٹ پکڑنے میں کامیاب ہونے والے کھلاڑوں کا سائپرس پہنچنے پر بورڈنگ کے دوران سامان غائب ہوگیا، نوجوان کھلاڑی اپنی متحدہ عرب امارات کی جرسیوں کے بغیر مقابلے میں شامل ہوئے لیکن ان کے پاس سیلاب سے دوچار اپنے ملک کے لئے پرفارم کرنے کیلئے حوصلے کی کمی نہیں تھی۔ گزشتہ اتوار کو قبرص میں ہونے والے بین الاقوامی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے طیبہ خان، میشا خان اور متحدہ عرب امارات کے دیگر کھلاڑی روانہ ہونے کے لئے تیار تھے کہ اس دوران سماجی ذرائع ابلاغ ایسی ویڈیوز سے بھرا ہوا تھا کہ دبئی کی بڑی بڑی شاہراہیں پانی سے بھری ہوئی تھیں، لوگ ڈوبتی ہوئی کاروں سے خاندانوں کو نکال رہے تھے، اس وقت ان کھلاڑیوں کا قبرص روانہ ہونا ناممکن لگ رہا تھا۔بے پناہ مشکلات کے بعد جب یہ ایمرجنگ کھلاڑی دبئی کے ٹرمینل3 پر پہنچے تو وہاں رش کی وجہ سے ان کو مزید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم امارات گرائونڈ اسٹاف کو بتایا کہ وہ عام مسافر نہیں بلکہ قومی بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں جس پر انہیں 18 اپریل کو فلائٹ کی روانگی سے صرف 45 منٹ قبل اجازت دے دی گئی۔ جب یو اے ای کے کھلاڑی قبرص پہنچے تو ان کا سامان ان کے ہمراہ نہ پہنچ سکا جس کی وجہ سے انہیں قبرص میں مارکیٹ سے کچھ نئے کپڑے اور ضروری سامان خریدنا پڑا۔ ٹورنامنٹ کے آغاز پر یو اے ای کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی قومی جرسی کے بغیر میدان میں اترنا پڑا تاہم انہوں نے حوصلہ نہیں ہارا اور اپنے ملک کے لئے کھیلتے ہوئے انہوں نے 5تمغے حاصل کئے جن میں 2 طلائی تمغے بھی شامل ہیں۔ بھرت نے بوائز سنگلز اورمکسڈڈبلز میں تابیاکے ہمراہ سونے کا تمغہ حاصل کیا، اس کے علاوہ تابیا نے اپنی بہن مائیشا کے ہمراہ گرلز ڈبلز میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ مائیشا نے گرلز سنگلز میں بھی چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ مکسڈ ڈبلز میں ایڈم کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کرکے اپنے ملک کا نام روشن کردیا۔