مزید خبریں

جرمنی اور برطانیہ میں 5چینی جاسوس گرفتار

برلن؍ لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی اور برطانیہ نے مشتبہ چینی جاسوسوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کردیا۔ جرمنی نے چین کو حساس ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے شبہ میں 3افراد کو گرفتار کیا ہے جب کہ برطانیہ نے 2کو گرفتار کیا ہے۔ برلن میں استغاثہ نے پیر کے روز بتایاکہ تینوں جرمن شہریوں نے ممکنہ فوجی مقاصد کے ساتھ ٹیکنالوجی چینی انٹیلی جنس کے حوالے کی ہیں جن کے ساتھ وہ جون 2022 ء سے کام کر رہے ہیں۔برطانیہ نے کہا کہ زیر حراست دونوں افراد بیجنگ کوحساس معلومات فراہم کر رہے تھے۔یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں سامنے آئیں جب مغربی ریاستیں چین کی اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کرتی رہیں۔ جرمنی میں گرفتار تینوں ملزمان پر بغیر اجازت ایک خصوصی لیزر برآمد کرنے کا بھی الزام ہے جسے ملکی برآمدی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا۔وفاقی استغاثہ نے مرکزی ملزم کی شناخت تھامس آر کے طور پر کی ہے جسے چین کی وزارت برائے ریاستی سلامتی (ایم ایس ایس) کے چین میں مقیم ملازم کا ایجنٹ بتایا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ چینی کنٹریکٹ پارٹنر سے ایم ایس ایس کے ذریعے تھامس آر کو احکامات ملے تھے اور تینوں مشتبہ افراد مل کر کام کرتے تھے۔