مزید خبریں

امریکی کمانڈر کی جنوبی کوریاآمد‘شمالی کوریا نے میزائل داغ دیا

سیول (انٹرنیشنل ڈیسک) جنوبی کوریائی فوج اور جاپان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ایک بار پھر بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرلیا۔خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحل سے سمندر کی طرف ایک بیلسٹک میزائل داغا ہے۔ جاپانی حکومت نے اس حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ جاپانی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ایسا میزائل داغا ہے جو بظاہر ایک بیلسٹک میزائل تھا۔خبررساں اداروں کے مطابق جاپان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے داغا گیا پروجیکٹائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون کے باہر سمندرمیں گرا ہے۔اس سے قبل بھی شمالی کوریا نے ہوا سائی ون آر اے 3اور پیولسی 12کروز میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ یہ تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی خلائی قوت کے کمانڈر جنرل اسٹیفن وائٹنگ سیول کا دورہ کر رہے ہیں۔یادر ہے کہ اس سے قبل شمالی کوریا نے وارہیڈ لے جانے والے جدید ترین میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ پیانگ یانگ کی جانب سے حالیہ ماہ کے دوران پے درپے میزائل تجربات سامنے آئے ہیں۔ ادھر امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان کی جانب سے ان اقدامات پر مذمتی بیانات بھی جاری کیے جاتے رہے ہیں۔