مزید خبریں

چین میں موسلادھار بارش اورسیلاب سے تباہی

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے جنوبی علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ۔ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں سے گھروں کی چھتیں اْڑ گئیں، درخت گر گئے، ٹریفک اور ٹرینوں کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ مختلف حادثات میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔مسلسل بارش سے صوبے گوانگ ڈونگ کے کئی علاقوں میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہوگئی اور گوانگ ڈونگ میں سڑکوں، رہائشی علاقوں اور کھیتوں میں کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا ۔ چینی میڈیا کے مطابق شدید بارش کے بعد 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے اور سیکڑوں اسکول بند کر دیے گئے ۔ پانی میں پھنسے 80 ہزار سے زائد افراد کو نکال لیا گیا ہے۔مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارش کے بعد ڈیموں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے سے بھی سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ سیلاب سے لاکھوں افراد کے بے گھر ہونے کے خدشے پر حکام نے ایمرجنسی ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے۔ جیانگ زی صوبے میں بھی شدید خراب موسم کا اورنج الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ صوبے میں مسلسل بارش کے بعد اب تک لینڈ سلائیڈنگ کے65 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔حکام نے بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔