مزید خبریں

پلاسٹک انڈسٹری فضائی صنعت سے زیادہ بدتر ہے‘ تحقیق

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) ائرلائن انڈسٹری زمین کے ماحول میں ہر سال ہزاروں ٹن گرین ہاؤس گیس خارج کرنے کے سبب کے طور پر جانی جاتی ہے لیکن نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ پلاسٹک انڈسٹری اس سے کئی گنا بدتر ہے۔ کیلیفورنیا کی لارنس برکیلے نیشنل لیبارٹری کے سائنس دانوں نے ایک تحقیق میں بتایا ہے کہ پلاسٹک انڈسٹری ہر سال 2.5 ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ ماحول میں خارج کرتی ہے جبکہ ائرلائن انڈسٹری ایک ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتی ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق پلاسٹک کے کچرے کے متعلق زیادہ تر خبروں میں اس کے سمندروں یا انسانی جسم کو آلودہ کرنے کے متعلق بتایا جاتا ہے۔ لیکن پلاسٹک ماحول کو گرمانے والی گیسوں کی خطرناک مقدار کا سبب بھی بنتا ہے۔پلاسٹک کی عالمی پیداوار ماحول کو کوئلے سے چلنے والے 600 پاور پلانٹوں کے برابر آلودہ کرتا ہے۔امریکی حکومت کی مالی اعانت سے ہونے والی تحقیق میں محققین کا کہنا تھا کہ زیادہ تر پلاسٹک اشیا کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے جو موسمیاتی تغیر کے بحران کو 3گنا بڑھا کر، حیاتیاتی تنوع کو نقصان پہنچا کر اور آلودگی کے سبب سیارے کو اس کی حدود تک لے کر جائے گا۔صنعتی تجزیہ کاروں کے مطابق پلاسٹک کی پیداوار 2050 ء تک دگنا ہونا متوقع ہے ۔